جماعت اِسلامی آرمور کی یعقوب سروش میموریل ایوارڈ تقریب
آرمور۔ 22 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میں جماعت اسلامی کی جانب سے یعقوب سروش میموریل ایوارڈ اور غریب طلباء و طالبات میں مفت نوٹ بکس اور بیاگس کی تقسیم عمل میں آئی۔ تفصیلات کے بموجبم آرمور میں جماعت اسلامی شاخ آرمور کی جانب سے سعیدآباد مسلم شادی خانے میں ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں یعقوب سروش میریٹ میموریل ایوارڈ کیلئے ایسے 7 طلباء و طالبات میں دیئے گئے جو ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ، اُردو، انگریزی میڈیم میں ٹاپ کیا ہے۔ انہیں ایوارڈ کے ساتھ ساتھ ایک ہزار روپئے نقد انعام بھی دیا گیا۔ اس کے علاوہ آرمور میں میڈیسن میں نشست حاصل کرنے والے دو طلباء کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ 250 مستحق غریب طلباء کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں مفت نوٹ بکس اور بیاگس تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے ایم این بیگ زاہد ریاستی صدر شعبہ خدمت خلق جماعت اسلامی نے بتایا کہ جماعت اسلامی دعوت دین کے ساتھ ساتھ ملی جذبہ کے تحت مختلف فلاحی کام انجام دیتی ہے۔ غریبوں کی مدد کرنا، تعلیمی میدان میں طلباء و طالبات کو آگے بڑھانے کیلئے ان کی ہمت افزائی کرنا انعامات سے نوازنا، تعلیمی شعور بیدار کرنا قابل ذکر ہے۔ انہوں نے طلباء سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی میدان میں خود کو آگے بڑھائیں۔ تعلیم پر توجہ دیں تاکہ ہمارا مستقبل روشن ہو اور بتایا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق کو بہتر بنائیں اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔ دنیا دیکھے کہ مسلم طلبہ کا کردار کیسا ہوتا ہے۔ اس پروگرام میں آرمور میونسپل چیرمین سوائی سنگھ ببلو نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے طلباء کو اچھی تعلیم حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔ اس طرح صدر مرکزی کمیٹی تنظیم المسلمین آرمور محمد فصیح الدین نے مخاطب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے پروگرام کی ستائش کی۔ اس پروگرام سے ضلعی صدر جماعت اسلامی خواجہ نصیرالدین نے بھی مخاطب کیا۔ اس پروگرام میں ذمہ داران جماعت اسلامی، ایم این بیگ زاہد، احمد عبدالحلیم، محمد ضیاء، خواجہ نصیراالدین، محمد عبدالجبار، عبدالرحمن خالد کے علاوہ صدر مرکزی کمیٹی محمد فصیح الدین میونسپل چیرمین سوائی سنگھ، اسلم بن محسن، محمد عبداللہ، محمد ساجد، محمد مجاہد، عمران جابری، طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مقامی صدر عبدالرحمن خالد نے اختتامی کلمات ادا کئے گئے۔