میسورو،9مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر اعلی سدارمیا نے آج الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی غریبوں اور دلتوں کے دکھ درد پر کوئی توجہ نہیں دیتے ۔ سدا رمیا نے کہا نریندر مودی صرف چھاتی پٹتے رہتے ہیں کسی کے درد کو محسوس نہیں کرتے ۔ وزیر اعلی نے چامراج اسمبلی حلقہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلوانوں کے پاس بھی 56انچ کا سینہ ہوتا ہے یہ کوئی خاص بات نہیں ہے ۔ سینہ ایسا ہونا چاہیے جو غریبوں کے دکھ درد کو محسوس کرسکے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکز میں برسراقتدار آنے کے بعد دلتوں پر مظالم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ کیا نریندر مودی نے اپنے سیاسی گرولال کرشن اڈوانی کو حاشیہ پر نہیں پہچایا۔ ایسے میں کیا ہمیں نریندر مودی سے تمیز سیکھنی چاہیے ۔