لکھنو 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز کی جانب سے پکوان گیس سلینڈرس کوٹہ میں اضافہ کے مرکز کے فیصلے پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ یہ کوٹہ 12 کی بجائے 24 کیا جانا چاہئے اور غریبوں کو پکوان گیس مفت سربراہ کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی بڑا اقدام نہیں ہے ۔ سالانہ کوٹہ 24 کا ہونا چاہئے اور غریبوں کو گیس مفت سربراہ کی جانی چاہئے ۔ کل ہند کانگریس کے اجلاس میں راہول گاندھی کے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے آج اعلان کیا کہ پکوان گیس سلینڈرس سالانہ سبسڈی قیمت پر 9 کی بجائے 12 ملا کرینگے ۔
مرکزی وزیر تیل مسٹر ویرپا موئیلی نے آج یہ اعلان کیا ۔ مظفر نگر فسادات کے متاثرین کی مدد اور بازآباد کاری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تعلق سے سوال کئے جانے پر سماجوادی پارٹی سربراہ نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ اور ملازمتیں فراہم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فسادات پر دو دن میں قابو پالیا گیا تھا ۔ مہلوکین کے ورثا کو فی کس 10 لاکھ روپئے اور مکانات کی تعمیر کیلئے دو لاکھ روپئے فراہم کئے گئے ۔
متاثرین کو ملازمتیں دی گئی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا ماضی میں کسی حکومت نے فساد متاثرین کیلئے اتنا کچھ کیا ہے ؟ ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا فساد متاثرین کو گجرات میں حکومت سے اتنی امداد ملی ہے ۔ سابق چیف منسٹر نے سابق رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی لیڈر سکھ لال کشواہا کی سماجوادی پارٹی میں شمولیت کی تقریب میں شرکت کی ۔ مسٹر کشواہا نے ‘ جنہوں نے ماضی میں کانگریس لیڈر آنجہانی ارجن سنگھ کو شکست دی تھی ‘ اس موقع پر کہا کہ مدھیہ پردیش میں سماجوادی پارٹی ہی تیسری بڑی طاقت بن کر ابھریگی ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مدھیہ پردیش کے عوام پارٹی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرینگے ۔