غرب اردن: فلسطینی کی فائرنگ سے یہودی آباد کار ہلاک

رام اللہ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں ’’دولیف‘‘ کالونی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی ایک اسرائیلی کار پر فائرنگ سے کم سے کم ایک یہودی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان پیٹر لیرنر کے مطابق رام اللہ میں ایک نقاب پوش فلسطینی نے یہودی آباد کاروں کی گاڑی کو روکا۔ گاڑی رکنے پر اس نے بہت قریب سے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک یہودی مارا گیا۔ فائرنگ سے دو یہودی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
جہاں ان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔واقع کے فوری بعد اسرائیلی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی تھی تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ ادھر اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق فائرنگ سے دو یہودی زخمی ہوئے ہیں۔