حیدرآباد۔/28مئی، ( سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے مشہور عیسائی مبلغ ڈاکٹر کے اے پال کے خلاف دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکی ویزا کے حصول کیلئے ایک خاتون سے لاکھوں روپئے حاصل کئے تھے اور ویزا دلانے سے قاصر رہے۔ تفصیلات کے مطابق رامچندرا پورم کی ساکن ستیہ وتی کٹرا گڈا نے پولیس پنجہ گٹہ میں مبلغ کے اے پال اور ان کے دو ساتھیوں جیوتی اور وجئے کے خلاف دھوکہ دہی اور اعتماد شکنی کی ایک شکایت درج کرائی۔ درخواست گذار نے بتایا کہ کے اے پال نے مبینہ طور پر یہ دعویٰ کیا کہ امریکی ایمبیسی میں ان کا اثر و رسوخ ہے اور ان کی اسپانسر شپ پر امریکی ویزا آسانی سے حاصل ہوسکتا ہے۔ درخواست خاتون نے مزید الزام عائد کیا کہ پال نے ان سے 15 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا اور پیشگی طور پر 2 لاکھ روپئے بذریعہ چیک جیوتی کے حوالے کئے۔ ویزا کے سلسلہ میں ربط پیدا کرنے پر جیوتی نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی لیکن پال سے دوبارہ ربط کرنے پر انہوں نے 15 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا۔ خاتون کی شکایت پر پولیس پنجہ گٹہ نے دھوکہ دہی اور اعتماد شکنی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ ڈی سی پی ویسٹ زون اے آر سرینواس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کیلئے پال اور ان کے ساتھیوں کو نوٹس دی جاسکتی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔