عیسائی برادری پر مظالم کے خلاف آج احتجاج

حیدرآباد۔/30 جنوری(سیاست نیوز) عیسائی برادری پر مظالم اور مذہبی پیشواؤں کے قتل واقعات پر حکومت کے خلاف احتجاج کے طور پر تمام اقلیتی برادریوں کے دانشوروں اور مفکرین کی جانب سے /31 جنوری کو 2:00 بجے دن سی ایس آئی ویزلی چرچ کلاک ٹاور تا اندرا پارک منظم کی جائے گی۔ یاد رہے کہ آندھرا پردیش میں ایک بار پھر عیسائی برادری کو فرقہ پرست عناصر کی جانب سے نشانہ بنایا جانے لگا ہے۔ حال ہی میں ضلع رنگا ریڈی کے وقار آباد میں ایک عیسائی پادری کی رہائش گاہ پر حملہ کرتے ہوئے مہلک ہتھیاروں سے انہیں قتل کردیا گیا۔

اسی طرح ممبئی کے لوک مانیا تلک ٹرمنل سے عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والی ریاست کی خاتون سافٹ ویر انجینئر کا اغواء کرنے کے بعد عصمت ریزی کرکے قتل کردیا گیا ہے۔ ان دونوں واقعات میں پولیس نے کوئی پیشرفت نہیں کی اور نہ ہی ابھی تک قاتلوں کا سراغ لگایا جاسکا ہے۔ عین انتخابات سے قبل اقلیتی برادریوں پر حملے معمول بن گئے ہیں اور فرقہ پرست عناصر سیاسی سرپرستی میں یہ گھناؤنی حرکتیں کرنے لگے ہیں۔ ان دو واقعات کے علاوہ بھی عیسائی برادری کے مبلغین اور دیگر لوگوں کو ہراسانی کی شکایتیں عام ہیں۔ حکومت اور پولیس مشنری اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ حکومت کے تساہل کے خلاف کل بروز جمعہ 2:00 بجے دن سی ایس آئی ویزلی چرچ کلاک ٹاور تا اندرا پارک خاموش احتجاجی ریالی کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں تمام اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔