کریم نگر /22 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ میں یہ پہلا ماہ رمضان ہے انتہائی خوشی ہو رہی ہے ۔ اس دعوت افطار میں ہندو مسلم سکھ عیسائی سب شریک ہیں ۔ ایسا ماحول ہمیشہ قائم رہنا چاہئے ۔ ریاستی وزیر فینانس و سیول سپلائیز اے راجندر نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبہ خلوص کے ساتھ سنہرے تلنگانہ کی تعمیر کرلینے میں یقیناً کامیاب ہوں گے ۔ ضلع کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں ضلع انچارج کلکٹر سرفراز احمد کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید اور تہوار مل جل کر منانے میں کافی لطف آتا ہے ۔ یہ مقدس ماہ رمضان مسلمان بھائی خوشی کے ماحول میں مناتے ہوئے زندگی گذاریں یہ میری خواہش ہے ۔ قبل ازیں جناب خیرالدین جماعت اسلامی نے بہ زبان تلگو روزہ کی اہمیت پر مختصر سی روشنی ڈالی اور صدقہ ، فطرہ کے تعلق سے واقف کروایا ۔ اس دعوت افطار میں تمام مذاہب کے افراد نے شرکت کی ۔ آڈیٹوریم میں بہتر انتظام کیا گیا تھا جس میں ضلع جج ناگاماروتی شرما زیڈ پی صدر تولارما ڈی آئی جی ، آر بی نائیک ، ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر ننمیا ڈی آر او ، ٹی ویرا برہمیا رکن اسمبلی گنگولا کملاکر ، مئیر ڑدار رویندر سنگھ مختلف مسلم انجمنوں کے صدور ، ضلعی عہدیدار وغیرہ شریک تھے ۔ ٹی این جی اوز صدر ایم حامد نے مہمانوں کا خیرمقدم کریت ہوئے شہ نشین پر انہیں مدعو کیا ۔ اس موقع پر وزیر ایٹالہ راجندر ، گنگولا کملاکر ، سردار رویندر سنگھ تولارما کو تہنیت پیش کی گئی ۔