نلگنڈہ ۔ 22 ۔ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہِ رمضان المبارک میں تقویٰ پرہیز گاری کا جذبہ پیدا ہوا ہے وہیں پر افطار پارٹیاں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اتحاد و یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کو واپس لانے کیلئے معاون ثابت ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے ٹی آر ایس اقلیتی قائدین کی جانب سے ایس آر گارڈن فنکشن ہال نلگنڈہ میں منعقدہ دعوت افطار سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ہندو مسلم آپس میں میل میلاپ و بھائی چارگی کے ساتھ رہتے ہیں، اسی طرح علاقہ کی تہذیب کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ حضور نظام کے دور میں تمام مذاہب کے افراد کو مکمل آزادی تھی اور حکمرانوں نے ہی کئی ایک منادر کی تعمیر میں تعاون کیا ۔انہوں نے کہا کہ چند دنوں میں بونال ، رمضان اور دسہرہ تہواروں کو مل جل کر مانا ہے کہ ایک بہترین مثال بنانا چاہئے حکومت کے سربراہ مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے بھی ان تقاریب کو مکمل تعاون کرنے کا اعلان کیا اور اضلاع کے انتظامیہ کو واضح ہدایتیں بھی جاری کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ان کی پسماندگی کو دور کرنے کی غرض سے ہر سال بجٹ میں ایک ہزار کروڑ روپئے اور اس سے زائد بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ سابقہ آندھراپردیش ریاست میں حکومتوں کی جانب سے برائے نام بجٹ مسلمانوں کیلئے مختص کیا جاتا تھا لیکن اس کی مکمل منظوری میں تساہلی و لاپرواہی کی جاتی تھی لیکن تلنگانہ سرکار کے سربراہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں کی پسماندگی دور کرنے کے انتخابات میں کئے گئے وعدوں اور اعلانات پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کیلئے کمیشن قائم کیا گیا اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ کو قانونی اختیارات فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ایس سی ، ایس ٹی اور وزارت اقلیتی بہبود کے قلمدانوں کو اپنے پاس رکھا تاکہ ان طبقات کی پسماندگی کو دور کرنے کے راست اور سنجیدہ اقدامات کئے جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مسائل سے متعلق ضلع کلکٹر سے بات چیت کرتے ہوئے مقامی مسائل کی یکسوئی کروانے کا تیقن دیا ۔
اس تقریب میں ریاستی وزیر تعلیم مسٹر جی جگدیش ریڈی ارکان اسمبلی مسرز پربھاکر ریڈی ، رکن قانون ساز کونسل پی رویندر ٹی آر ایس قائدین ڈی نرسمہا ریڈی ، پی راجیشور ریڈی ، انیل کمار ، کشن ریڈی ، جناب محمد شہاب الدین ہاشمی بیورو چیف روزنامہ سیاست ، اقلیتی قائدین احمد کلیم ، خواجہ غوث محی الدین ہاشم، ڈاکٹر اے اے خان ، ٹی آر ایس اقلیتی قائدین مسرز سید فریدالدین ، محمد ذی الحق ولی ، عزیز الدین بشیر ، جمال قادری ، تاج الدین ، محمد ممتاز علی ، محمد جلیل و دیگر شریک تھے ۔ بعد ازاں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے صدر ضلع اقلیتی سل ٹی آر ایس سید فریدالدین کے مکان پر منعقدہ عشائیہ میں شرکت اور حیدرآباد کیلئے روانہ ہوئے ۔