عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد جاری

ونپرتی۔/10ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وائی ایس راج شیکھر ریڈی دنیا سے جل بسے ہیں لیکن وہ ابھی بھی عوام کے دلوں میں موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر وائی ایس شرمیلا نے کیا۔ پرسہ یاترا کے سلسلہ میں وائی ایس شرمیلا نے ونپرتی حلقہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ونپرتی منڈل کے چٹیال دیہات میں وائی ایس آر کی موت کا صدمہ لیتے ہوئے اپنی جان دینے والی مینما کے افراد خاندان کو پرسہ دیا اور ان سے بات چیت کی۔ قبل ازیں وہ مستقر ونپرتی کے امبیڈکر چوراستہ پر عوام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھرریڈی کے دور اقتدار میں سماج کے ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے گئے تھے جس سے عوام کے چہروں پر خوشی ظاہر ہورہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھلائی کیلئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی ہمیشہ کوشاں رہے گی اور وائی ایس آر کے جاری کردہ تمام اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں معاون رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی اب ہمارے درمیان نہیں ہیں مگر وہ عوام کے دلوں میں بسے ہیں۔بعد ازاں انہوں نے ونپرتی منڈل کے کڈکنٹلہ میں وائی ایس آر کے مجسمہ کو پھول چڑھاتے ہوئے خراج پیش کیا۔ اس موقع پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پی سرینواس، ضلع صدر کشٹیا ریڈی، ونپرتی انچارج یشونت ریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔