عوام کی خدمت کیلئے پولیس ہر وقت تیار

سرپور ٹاون /10 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرپور ٹاون منڈل کے گرام پنچایت لونویلی میں 9 مارچ کے روز عوام میں قانون کے بارے میں اور غیر قانونی اشیاء کے استعمال کرنے سے متعلق عوام میں شعور بیداری پروگرام کا سرکل انسپکٹر آف پولیس آچیشور راؤ اور سب انسپکٹر آف پولیس سرپور ٹاون راما راؤ کی نگرانی میں انعقاد عمل میں آیا ۔ اس پروگرام میں لونویلی سرپنچ گنیش اور ایم پی ٹی سی رکن ڈی رویندر ، گرام پنچایت حدود میں موجود عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر آف پولیس آچیشور راؤ نے کہا کہ عوام کی سہولت کی خاطر ریاستی حکومت کی جانب سے ’’پولیس آپ کیلئے ‘‘ پروگرام کے ذریعہ عوامی مسائل کی یکسوئی کی جارہی ہے تاکہ عوام کو محکمہ پولیس کے عہدیداروں کے ذریعہ مدد مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ شہروں سے لیکر دیہی علاقوں کے عوام کو محکمہ پولیس عہدیداروں کی مدد کے طور پر سرپور ٹاون 12 گرام پنچایتوں میں گرام پنچایتی سطح اور گاؤں کی سطح پر ایک پولیس عہدیدار کو مقرر کیا گیا ہے تاکہ مقامی سطحی پر عوامی مسائل کی یکسوئی عمل میں آسکے ۔ خصوصی طور پر لونویلی گرام پنچایت ک یلئے اے ایس آئی بھاسکر کو مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی طور پر اشیاء کی منتقلی اور دیسی شراب کی تیاری میں ملوث ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا اور عوام کو محکمہ پولیس عہدیداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کرلینے اور بغیر کسی خوف کے محکمہ پولیس عہدیداروں سے ربط پیدا کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ اس موقع پر مختلف گاؤں کے مطابق پولیس عہدیداروں کے تقررات کے بارے میں تفصیلات سے عوام کو آگاہ کروایا گیا ۔