عوام کی اُمیدوں کی تکمیل کیلئے ہرممکن کوشش کرنے وزیراعظم نریندر مودی کا تیقن

نئی دہلی 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کو تیقن دیا کہ پارلیمنٹ عام شہریوں کی اُمیدوں اور آرزوؤں کی تکمیل کے لئے ہرممکن کوشش کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کے عوام نے سولہویں لوک سبھا کے لئے عوامی نمائندوں کا اپنے ووٹوں کے ذریعہ انتخاب کیا ہے اور رائے دہی بھی عدیم المثال رہی۔ وہ ایوان پارلیمنٹ کے روبرو لوک سبھا کے اوّلین اجلاس سے پہلے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے اپنی مختصرسی تقریر میں ملک کے شہریوں کو مبارکباد پیش کی۔

یشونت سنہا قید میں، ہزاری باغ میں بی جے پی کا احتجاج جاری
ہزاری باغ (جھارکھنڈ) 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) برقی بحران کے خلاف بی جے پی کا احتجاج آج تیسرے دن میں داخل ہوگیا حالانکہ پارٹی کے سینئر قائد یشونت سنہا اور دیگر افراد کو الیکٹرسٹی بورڈ کے ایک عہدیدار پر مبینہ حملہ کی بناء پر عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے کیونکہ اُنھوں نے ضمانت پر رہائی قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔ جھارکھنڈ اسٹیٹ الیکٹرسٹی بورڈ ہزاری باغ شاخ کے دفتر کے احاطہ میں احتجاج جاری رکھتے ہوئے بی جے پی کارکن آج صبح دفتر میں کارکنوں کے ساتھ متصادم ہوگئے اور ملازمین اور عہدیداروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ہزاری باغ بی ڈی او پیارے لال کے دفتر کا قفل توڑ دیا۔ پارٹی کارکنوں کے ایک اور گروپ نے پریشد روڈ اور برہی روڈ پر ناکہ بندی کرکے ٹریفک میں تقریباً ایک گھنٹہ خلل اندازی کی۔ بی جے پی کارکن نے کہاکہ احتجاج مطالبہ تسلیم کئے جانے تک جاری رہے گا۔ سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا اور اُن کے ساتھیوں نے آج ضمانت پر رہائی کی درخواست پیش نہیں کی اور سرکاری عہدیدار پر مبینہ حملہ کے الزام میں اُنھیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ سرکاری عہدیدار دھنیش جھا نے یشونت سنہا اور دیگر کے خلاف مبینہ حملہ کی ایف آئی آر درج کروائی ہے۔