نئی دہلی ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بائیں بازو کی پارٹیوں نے آج مرکزی بجٹ کو ایک ’’بڑا جملہ‘‘ (لفاظی) قرار دیا اور کہا کہ حکومت نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر یہ بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ انتخابی مہم کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم اسے ’’بڑا جملہ‘‘ (لفاظی) سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات کی باتیں کی جارہی ہیں۔ لوک سبھا میں سی پی آئی ایم قائد محمد سلیم نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ سی پی آئی قائد ڈی راجہ نے کہا کہ مرکزی بجٹ حکومت کی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ اعلیٰ سطحی لفاظی اور حقیقت سے زیادہ تخمینوں پر مبنی ہے جو ملک کی ترقی اور مالیہ کے حصول کے بارے میں کی جارہی ہے۔