واٹس اپ پر انسانوں کے قتل کی افواہیں جھوٹ: پولیس
یلاریڈی۔/23 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچوں کا اغوا ء کیا جارہا ہے اور نامعلوم سارق انسانوں کا قتل کرنے کی افواہیں فیس بک اور واٹس اپ پر ان دنوں گشت کررہی ہیں۔ منڈل لنگم پیٹ سب انسپکٹر مسٹر سریدھر ریڈی نے اس طرح کی افواہوں پر کسی کو توجہ نہ دینے کی اپیل کی۔ لنگم پیٹ منڈل میں کہیں کوئی سارق نہیں آئے ، دو دن قبل بانا پور علاقہ میںذہنی طور پر معذور پاگل شخص کے آنے سے افواہوں کا بازار اور گرم ہوا، اطلاع ملنے پر پاگل شخص کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کرنے پر ذہنی طور پر پاگل ہونے کا انکشاف ہوا۔ لوگ صرف افواہ پھیلارہے ہیں لیکن کوئی سچائی نہیں ہے۔ واٹس اپ اور فیس بک پر پرانی تصویروں کو ڈالتے ہوئے عوام کو خوفزدہ و گمراہ کیا جارہا ہے ۔ ایسے افراد کا پتہ چلنے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ ہروقت پولیس عوام کی حفاظت کیلئے تیار ہے اور رہے گی۔ مواضعات میں مشتبہ افراد اگر نظر آئیں تو 100 نمبر پر یا پھر انسپکٹر اسٹیشن کے نمبر پر فون کرکے اطلاع دینے کا مشورہ دیا۔ واضح رہے کہ ان دنوں واٹس آپ و فیس بک کے ذریعہ کچھ لوگ عوام کو خوفزدہ کرنے کا کام کررہے ہیں اور اس کے ذریعہ نامعلوم افراد انسانوں کو کاٹتے، قتل کرتے دکھائی دے رہے ہیں جس سے عوام میں کسی قدر تشویش ضرور پائی جاتی ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہے یہ صرف امن کو مکدر کرنے کی کوشش ہے افواہ ہے۔ حقیقت سے اس کا کوئی مطلب نہیں ہے۔