کولکتہ 2 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ مرکز میں بی جے پی زیر قیادت حکومت کی حقیقت عوام پر آشکار ہوتی جا رہی ہے ۔ عوام نے جن امیدوں کے ساتھ اسے ووٹ دیا تھا اب وہ ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری مکل رائے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب مودی نے حکومت سنبھالی عوام کو اس سے کافی امیدیں تھیں لیکن حکومت اپنے ابتدائی 100 دن میں پوری طرح سے ناکام ہے ۔ عوام پر اب اس کی حقیقت آشکار ہوتی جا رہی ہے ۔ مسٹر رائے نے کہا کہ حال ہی میں اترکھنڈ ‘ بہار ‘ کرناٹک اور یہاں تک کہ مدھیہ پردیش میں ہوئے ضمنی انتخابات میں یہ حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے کہ عوام اب حکومت کی حقیقت کو سمجھنے لگے ہیں۔ سی پی ایم نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو رکن برندا کرت نے کہا کہ ابتدائی 100 دن میں کم از کم حکومت کی سمت کا پتہ چل جاتا ہے لیکن مودی نے جو وعدے کئے تھے اس میں اور حکومت کے کاموں میں بہت فرق ہے ۔