عوام ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں سے بدظن،نرساپور میں کانگریس کے سینئر قائد یٰسین علی کا الزام

نرساپور ۔ /6 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی نرساپور سے کانگریس پارٹی کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے جناب یٰسین علی نے کہا کہ نرساپور کی عوام اپنے حقیقی ہمدرد کو پہچان چکے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے سینئر ترین قائد یٰسین علی جو اقلیتی طبقہ کے علاوہ اکثریتی عوام میں بھی مقبولیت رکھتے ہیں ۔ حلقہ سے سنیتا ریڈی کی کامیابی کو یقینی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نرساپور میں کانگریس قائد ریونت ریڈی کے روڈ شو سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ یہاں بلکہ ضلع میدک میں کانگریس اکثریت حاصل کرے گی ۔ چونکہ ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی عوام حکومت کی ناکامیوں سے بدظن ہوچکی ہیں ۔ انہوں نے کانگریس کو چھوڑ کر ٹی آر ایس و دوسری پارٹیوں میں شامل ہونے والے دل بدلو قائدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد ان قائدین کا انجام اور فیصلہ عوام کے سپرد کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان ملازمین ، اقلیتوں ، بچھڑے ہوئے طبقات اور قبائیلی عوام بالخصوص خواتین تمام حکومت کی وعدہ خلافی کا جواب دینے بے چین ہیں۔