عوام نوٹ بندی سے ہنوز پریشان، ترنمول کانگریس کا احتجاج

نئی دہلی 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس جو نوٹ بندی کی شدت سے مخالفت کرتی آئی ہے، آج اُس نے احاطہ پارلیمنٹ میں احتجاج منظم کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ عوام کو 3 ماہ قبل والے مرکز کے فیصلے نے معاشی آزادی سے محروم کردیا ہے اور وہ اِس طرح کی پریشانی میں نہ پہلے کبھی دیکھے ہیں اور نہ کبھی دیکھیں گے۔ پارٹی ایم پی کلیان بنرجی نے میڈیا کو بتایا کہ نوٹ بندی کے اعلان کو 3 ماہ ہوچکے ہیں لیکن لوگ اب بھی مصیبت سے دوچار ہیں۔ اِس لئے ہم آج احتجاج منظم کررہے ہیں۔ کلیان بنرجی نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے بیان دیا تھا کہ ایک ہزار روپئے اور پانچ سو روپئے کی پرانی کرنسی نوٹوں کا چلن بند کردینے کے بعد 50 دنوں میں حالات درست ہوجائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی کا فیصلہ ایسا ہوا ہے کہ عوام نے ماضی میں اِس طرح کے اقدام سے نہ کبھی اتنی پریشانی اُٹھائی اور نہ دوبارہ کبھی اُٹھائیں گے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوان کے پارٹی ایم پیز نے مجسمہ گاندھی کے قریب منعقدہ احتجاج میں حصہ لیا۔ ترنمول کانگریس کے دونوں ایوان میں مجموعی طورپر 45 ایم پیز ہیں۔