عوام مجھے چیف منسٹرمہاراشٹرا دیکھنا چاہتے ہیں : پنکج منڈے

ناگپور؍ پرلی۔ 15 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ماقبل انتخابات سروے کی پیش قیاسی ہے کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی چنانچہ آئندہ چیف منسٹر کون ہوگا اس پر تبصرہ شروع ہوگئے ہیں۔ اعلیٰ سطحی بی جے پی قائد گوپی ناتھ منڈے کی دختر اور رکن اسمبلی پنکج منڈے نے کہا کہ عوام کا آشیرواد ان کے آنجہانی والد کے ساتھ تھا۔ وہ ان کی سیاسی وارث ہیں اور انہیں یقین ہے کہ عوام انہیں بھی چیف منسٹر مہاراشٹرا دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ لیکن عوام کے درمیان یہ جذبات موجود ہیں کہ منڈے کو چیف منسٹر بننا چاہئے، غالباً مجھے ان کا آشیرواد حاصل ہے اور میرے لئے بھی عوام کے جذبات یہی ہیں، تاہم میں نے خود چیف منسٹر کے عہدہ پر کوئی دعویٰ نہیں کیا۔ گوپی ناتھ منڈے جاریہ سال جون میں کار حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔