عوام سے کئے گئے وعدوں کو تکمیل کا دعویٰ حکومت کے 4 سال مکمل ہونے پر چیف منسٹر مغربی بنگال کا بیان

کولکتہ ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی جن کی حکومت نے 4 سال مکمل کرلیے ہیں کہا ہے کہ معاشی بحران اور دیگر رکاوٹوں کے باوجود ان کی حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے ممکنہ کوشش کی ہے ۔ انہوں نے ایک فیس بک میں کہا کہ پیشرو حکومت نے ورثہ میں زبردست قرضوں کا بوجھ چھوڑا تھا ۔ کئی رکاوٹوں اور معاشی وسائل کی قلت کے باوجود ہم نے بنگالی عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکنہ کوشش کی ہے ۔ ممتا بنرجی نے بتایا کہ گذشتہ 4 سال کے دوران بنگال کی متعدد اسکیمات اور پروگرامس اور ہماری کارکردگی کو عالمی بنک اور اقوام متحدہ ، یونیسف DFID جیسے بین الاقوامی اداروں نے تسلیم کیا ہے اور کئی اسکیمات کو قومی سطح پر بھی ستائش کی گئی ۔ اور دیگر ریاستوں کو ایک ماڈل کی حیثیت سے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماں ، مٹی ، منش ( ماں ، زمین اور عوام ) اور بنگالی عوام کی شکر گذار ہیں جنہوں نے خدمت کا موقع دیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے مغربی بنگال کے عوام کو مبارکباد پیش کی ۔