عوام اب متبادل حکومت کے خواہاں: یچوری

چندی گڑھ۔/4فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ لوک سبھا انتخابات سے قبل غیر بی جے پی وغیر کانگریس اتحاد کی تشکیل کی ضرورت شدت اختیار کرتی جارہی ہے وہیں سی پی آئی (ایم) لیڈر سیتا رام یچوری نے کہاکہ عوام اب ایسی متبادل حکومت کی خواہاں ہیں جو ایسی پالیسیاں تیار کرے جو اُن کے مفاد میں ہوں اور انہیں راحت پہنچاسکے۔ انہوں نے کہاکہ عوام اب ان پر مسلط کردہ حکومتوں سے بیزار ہوچکے ہیں اور وہ انہیں بوجھ تصور کرنے لگے ہیں۔ لہذا مرکز میں اب ایسی حکومت آنی چاہیئے جو واقعتاً عوام دوست ہو۔ عوامی وسائل کو آج جس طرح لوٹا جارہاہے اور بدعنوانیوں کا جس طرح ہر طرف بول بالا ہے، عوام اس سے بیزار ہوچکے ہیں اور متبادل کے خواہاں ہیں۔ ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر یچوری نے یہ بات کہی۔

انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ عوام ایک ایسی متبادل حکومت کے خواہاں ہیں جو ایسی پالیسیاں تیار کرے جو عوام کو راحت دے سکیں۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ عام آدمی پارٹی ان کی پارٹی سی پی آئی ( ایم ) کے لئے خطرہ ہے؟ کیونکہ عوام کی تائید سے ہی عام آدمی پارٹی نے دہلی میں حکومت تشکیل دی ہے جس کا جواب دیتے ہوئے مسٹر یچوری نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی اگر اہم اور بنیادی پالیسیوں پر اپنا موقف واضح نہیں کرتی تو وہ صرف مختصر مدت تک ہی حکومت کو پاتی ہیں۔ خیرچلئے ، اگر عام آدمی پارٹی اپنی پالیسیوں سے متعلق واضح موقف میں نہیں ہے لیکن بدعنوانیوں کے خلاف پارٹی ضرور کمربستہ ہے اور یہی ہماری لڑائی بھی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ عام آدمی پارٹی ملک کی معاشی پالیسیوں اور فرقہ پرستی پر بھی واضح موقف میں نہیں ہے۔