سرپور ٹاؤن میں تہنیتی تقریب سے ڈی ایس پی چکراورتی کا خطاب
سرپور ٹاؤن /7 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈی ایس پی ڈیویژنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کاغذ نگر کی حیثیت سے جی چکراورتی کے جائزہ لینے پر مشرقی عادل آباد اردو جرنلسٹ فورم نے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے استقبال کیا۔ اس استقبالیہ تقریب میں فورم کے سرپرست اعلی جناب مقبول حسین اور لیگل اڈوائزری جناب تنویر اللہ خاں ایڈوکیٹ اور فورم کے اراکین محمد عابد احمد، محمد عبد الجمیل، نور خاں، محمد منعم احمد، عبد الحنان، محمد غفار، آصف علی خان، عبد الرحمن، ایم اے جلیل کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مشرقی عادل آباد اردو جرنلسٹ فورم کی جانب سے مسٹر چکراورتی کا استقبال کرتے ہوئے گلپوشی اور شال پوشی کی گئی اور علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد کاغذ نگر کے سب سے پہلے ڈیویژنل سپرنٹنڈٹ آف پولیس کی حیثیت سے جائزہ لینے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر مسٹر چکراورتی نے عوام سے اپیل کی کہ کوئی بھی عوامی مسئلہ ہو، اس کو پولیس اسٹیشن سے رجوع کرکے یکسوئی کرلیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لئے پولیس ہمیشہ تیار ہے۔ انھوں نے امن و امان کو بگاڑنے والے اور غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اور صحافت کے ذریعہ بہت سے عوامی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ انھوں نے عوام سے پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔