ظہیرآباد میں عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد آر ڈی او عبدالحمید کی پریس کانفرنس
ظہیرآباد۔ 30 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ڈی او محمد عبدالحمید نے آج شام یہاں ریوینیو ڈیویژن آفس میں اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ بعدازاں انہوں نے اس ضمن میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ریوینیو ڈیویژن ظہیرآباد سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں و صحیفہ نگاروں سے خواہش کی ہے کہ وہ ریوینیو ڈیویژن ظہیرآباد کے عوام کو درپیش مسائل کو ان کے علم میں لائیں تاکہ ان کی یکسوئی کیلئے اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ تشکیل تلنگانہ حکومت کے بعد نئے اضلاع اور نئے ریوینیو ڈیویژنس کی تشکیل عمل میں آئی تاکہ سرکاری نظم و نسق کو عوام کے قریب سے قریب تر کیا جاسکے۔ انہوں نے اپنے اس عزم مصم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درکار عملہ کی کمی کے باوجود دفتری کام بروقت انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آر ڈی او ظہیرآباد کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے سے پہلے آر ڈی او گدوال میں برسرخدمت رہے۔ ریاستی حکومت نے ان کا تبادلہ کرتے ہوئے آر ڈی او ظہیرآباد ڈیویژن مقرر کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کا 1995ء میں ضلع رنگاریڈی میں نائب تحصیلدار کی حیثیت سے تقرر عمل میں آیا تھا جبکہ انہیں 2000ء میں ترقی دیتے ہوئے حکومت نے انہیں ضلع نظام آباد میں تحصیلدار کی حیثیت سے مقرر کیا۔ انہوں نے ضلع نظام آباد میں 9 سال تک تحصیلدار کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد 2009ء میں تحصیلدار کی حیثیت سے میڑچل میں خدمات انجام دیں۔ بعدازاں انہیں ترقی دی جاکر 2012ء میں ڈپٹی کلکٹر مقرر کیا گیا۔ اس دوران انہوں نے حج کمیٹی آندھرا پردیش کے ایگزیکٹیو آفیسر کی حیثیت سے تین سال تک زائد از ذمہ داریاں نبھائیں جبکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد اکتوبر 2014ء میں حکومت تلنگانہ نے انہیں آر ڈی او گدوال کی حیثیت سے مقرر کیا۔ اس موقع پر سرکاری عہدیداران بی گیتا تحصیلدار کوہیر و انچارج ظہیر آباد ، سدانند تحصیلدار جھرو سنگمجاور دسرتھ ڈپٹی تحصیلدار اور دوسرے موجود تھے۔