محبوب نگر۔/29مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پرجا وانی دربار عوامی شکایات کی وصولی کیلئے ضلع کلکٹریٹ میں منعقد ہوا، شدید دھوپ اور گرمی کے باوجود بھی عوام طویل قطاروں میں ٹہرے رہے۔ ضلع کلکٹر رونالڈ روز، جوائنٹ کلکٹر شیوا کمار نائیڈو، آر ڈی او بھاسکر نے 128درخواستیں وصول کئے۔ زیادہ تر درخواستیں اراضیات سے متعلق تھیں اس کے علاوہ پنشن، ضمانت روزگار اسکیم میں بدعنوانیوں کی شکایات بھی شامل تھیں۔ دریں اثناء نواب پیٹ منڈل کے تاڑ کنڈہ موضع کے بھائی بہن سنگما اور پانڈیا نے ان کے دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی پر ضلع کلکٹر سے اظہار تشکر کیا۔ ضلع کلکٹر نے دریافت کیا کہ مسئلہ کیا تھا جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ مسلسل 34سال سے اراضی کا تنازعہ لیکر عدالت اور ریونیو کے چکر کاٹتے رہے لیکن سب بے سود رہا۔ جب آپ سے رجوع ہوئے تو مسئلہ حل ہوا اور آپ نے پٹہ پاسبک بھی جاری کروادیا۔ضلع کلکٹر نے مسرت کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کی بہ عجلت ممکنہ یکسوئی کرتے رہیں۔
قمار بازی کے خلاف کارروائی
شاہ آباد۔/29مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع گلبرگہ کے شاہ آباد سے پرچیاں لکھ رہے مٹکہ ایجنٹ سریدھر ولد ناگیا کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 1820 روپئے بازی کی رقم برآمد کرکے ضبط کرلی۔ اسلم پاشاہ سب انسپکٹر نے اپنے عملے کے ساتھ چھاپہ مارتے ہوئے مٹکہ ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔