حیدرآباد ۔ /9 مئی (سیاست نیوز) ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے عوامی نظام تقسیم کے تحت تقسیم کئے جانے والے چاولوں کی بلیک مارکٹنگ میں ملوث مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے سرکاری چاول برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ سید فیروز ، 20 سالہ ماجد بیگ ، 35 سالہ شیخ عقیل اور 42 سالہ شیخ غوث جن کا تعلق مہاراشٹرا سے ہے علاقہ ملک پیٹ ، چادر گھاٹ اور چندرائن گٹہ علاقوں میں سفید راشن کارڈ رکھنے والے افراد سے فی کیلو 7 روپئے چاول حاصل کیا کرتے تھے اور اس کی بلیک مارکٹنگ کیلئے مہاراشٹرا منتقل کرتے ہوئے ملس کو 15 روپئے فی کیلو فروخت کیا کرتے تھے ۔ ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم کے کانسٹبل محمد نعیم الدین نے چاولوں کی بلیک مارکٹنگ کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ان کی گرفتاری میں اہم رول ادا کیا ۔ ٹاسک فورس نے مذکورہ افراد کو نامپلی ریلوے اسٹیشن کے قریب گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 51 کنٹل چاول برآمد کرلئے اور انہیں پولیس اسٹیشن نامپلی کے حوالے کردیا گیا ۔
موبائل فون مواد کے حصول کے ذریعہ بلیک میلنگ ، چار افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ /9 مئی (سیاست نیوز) موبائیل فون کا سرقہ کرنے کے بعد اس میں موجود مواد کی بنیاد پر بلیک میلنگ اور جبراً وصولی کی کوشش کرنے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے بموجب کے رگھو راما ورما ، این کارتک ، ٹی شیٹی ناگا وینکٹا سائی اور پی چندرا کشور متوطن مشرقی گوداوری ایک نوجوان کے آئی فون کا سرقہ کرلیا اور بعد ازاں اُس فون کا پاسورڈ کھولنے میں کامیاب ہونے کے بعد اُس میں موجود مواد بشمول نوجوانوں کے تصاویر موجود ہونے پر اسے بلیک میل کرنا شروع کردیا ۔ مذکورہ افراد ای میل کے ذریعہ اس کے شخصی تصاویر موجود ہونے کا ثبوت دیا اور اُن تصاویروں کو عام نہ کرنے کیلئے رقم کا مطالبہ کیا ۔ سی سی ایس پولیس نے ان افراد کا کامیاب طور پر پتہ لگالیا اور انہیں جبراً وصولی اور سرقہ کے الزام میں گرفتار کرتے ہوئے مسروقہ موبائیل فون برآمد کرلیا ۔