بغداد۔ 24 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صوبہ عنبر کے حصوں میں جہاں مخالف حکومت جنگجو قابض ہیں ، تشدد نے تین افراد کی جان لے لی جبکہ اقوام متحدہ نے آج انتباہ دیا کہ عراق میں 2006-08 ء کی فرقہ وارانہ لڑائی کے بعد سے اُس ملک کو بدترین نقل مقام کا سامنا ہورہا ہے ۔ زائد از 140,000 افراد اس صوبہ میں اپنے گھروں کو چھوڑکر نقل مقام کرچکے ہیں۔ زیادہ تر صحرائی حصہ پر مشتمل یہ صوبہ کی سرحد شام سے ملتی ہے ۔ پڑوسی ملک میں بدامنی شروع ہونے کے بعد سے اواخر ڈسمبر میں یہاں اُس کے اثرات ظاہر ہونے لگے کیونکہ پناہ گزین شامی شہری سرحد پار کرکے ادھر گھس آئے جہاں پہلے سے ہی مقامی مسائل سے کشیدگی پائی جاتی ہے ۔ سفارت کاروں اور بیرونی قائدین بشمول امریکی صدر براک اوباما نے بغداد سے اپیل کی ہے کہ عسکریت پسندوں کے لئے حمایت گھٹانے کیلئے سیاسی اقدامات کئے جائیں لیکن اپریل میں الیکشن ہونے والا ہے جس کے پیش نظر عراقی وزیراعظم نوری المالکی کو کوئی سخت موقف اختیار کرنے میں دشواری کا سامنا ہے ۔