سرینگر۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج اُمید ظاہر کی کہ وزیراعظم نریندر مودی ’’افسپا‘‘ قانون پر سنجیدگی سے غور کرے گی کیونکہ اس سلسلے میں پیشرفت کرنے کا مناسب وقت آچکا ہے۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آئندہ دو ماہ میں (انتخابات کے لئے مقررہ مہلت) کیا ہوسکتا ہے، اس کا لحاظ کئے بغیر انہیں یقین ہے کہ مرکزی حکومت فوج کے خصوصی اختیارات قانون کا جائزہ لے گی۔ اس حقیقت کے پیش نظر کہ حالیہ برسوں میں اس سلسلے میں مسلسل پیشرفت ہوتی رہی ہے۔ گزشتہ چند سال سے وہ کہتے رہے ہیں کہ وہ متنازعہ قانون جو مسلح افواج کو انسداد عسکریت پسندی کارروائیوں کے لامحدود اختیارات عطا کرتا ہے، مرحلہ وار انداز میں برخاستگی کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتِ حال سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سلسلے میں پیشرفت کا مناسب وقت آگیا ہے۔ عسکریت پسندوں میں نمایاں کمی ہوچکی ہے۔