حیدرآباد ۔ /27 جنوری (سیاست نیوز) عمرہ کو بھیجنے کے نام پر مبینہ دھوکہ دہی میں ملوث ایک خانگی ٹراویل ایجنٹ کے خلاف ہمایوں نگر پولیس نے آج رات مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عروہ ٹورس اینڈ ٹراویلس واقع مانصاحب ٹینک احمد نگر روڈ کے پروپرائیٹر مسٹر محمد علی نے مبینہ طور پر 30 تا 35 عازمین عمرہ سے فی کس 60 ہزار روپئے وصول کئے لیکن عمرہ کو بھیجنے سے قاصر رہا ۔ محمد علی سے مسلسل ربط پیدا کرنے کی کوشش ناکام رہی اور وعدہ کے مطابق عمرہ کیلئے ویزا اور ٹکٹ فراہم نہ کرنے پر عازمین برہم ہوگئے ۔ آج رات ہمایوں نگر پولیس سے اس سلسلے میں ایک شکایت درج کروائی ۔ سب انسپکٹر مسٹر کرشنا پرساد نے بتایا کہ کئی افراد نے ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن پہونچ کر ٹراویل ایجنٹ کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ان کے پاسپورٹ واپس لوٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے برہمی ظاہر کی ۔ پولیس نے عروہ ٹورس اینڈ ٹراویلس کے پروپرائٹر محمد علی اور دیگر کے خلاف دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے آج رات ایف آئی آر جاری کیا ۔ اس سلسلے میں پولیس پروپرائٹر کو حراست میں لینے کی غرض سے ٹراویل ایجنسی کے دفتر پہونچی لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھا ۔