ممبئی ۔ 26 ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام) سرکردہ کرکٹر سچن تنڈولکر نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو جنوبی افریقہ کے خلاف یہاں شروع ہونے والی سیریز کے دوران حریف ٹیم کے لیگ اسپنر عمران طاہر سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ 42 سالہ سچن تنڈولکر نے کہاکہ ’’عمران طاہر ایک اچھے بولر ہیں ، انھیں ( ہندوستانی کھلاڑیوں کو ) چاہئے کہ وہ ان کے خلاف مناسب انداز میں کھیلیں ۔ ممکن ہے کہ وہ ( عمران طاہر ) انتہائی سرکردہ بولرس میں ایک ہوسکتے ہیں‘‘ ۔ تنڈولکر یہاں ڈیجیٹل ادائیگی کے ایک ادارہ آکسیجن سرویس کی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ تنڈولکر اس ادارہ کے برینڈ ایمبیسیڈر بنائے گئے ہیں ۔ تنڈولکر نے مزید کہا کہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ ہماری ( موجودہ ) ایک انتہائی بہترین ٹیم ہے ۔ جس میں کافی باصلاحیت اور پرعزم کھلاڑی شامل ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ ان (کھلاڑیوں ) کے بارے میں بہت کچھ کہا گیا ہے لیکن جب بات کرکٹ کی آتی ہے تو میں اتنا جانتا ہوں کہ یہاں کوئی ’شارٹ کٹس‘ ( اڑتک راستے) نہیں ہوتے ۔ میں جانتا ہوں کہ ہمارے کھلاڑی پُرعزم ہیں اور یہ ایک انتہائی اچھی ٹیم ہے ‘‘۔ واضح رہے کہ مہاتما گاندھی ۔ نیلسن منڈیلا سیریز کے تحت ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی 20 ، پانچ ونڈے انٹرنیشنل اور چار ٹسٹ میچس کھیلے جائیں گے ۔ سچن نے کہاکہ ’’خواہ ٹی 20 ہوکہ ونڈے انٹرنیشنل ہوں ۔ یہ سیریز انتہائی دلچسپ و سنسنی حیز ہوگی لیکن ظاہر ہے کہ میرے لئے ٹسٹ سیریز ایک ایسی چیز ہے جس پر مجھے پوری دلچسپی ہے اور میں دونوں ٹیموں کے درمیان عظیم توازن کا خواہشمند ہوں‘‘۔ انھوں نے یاد دلایا کہ جنوبی افریقہ ہمیشہ ہی ایک طاقتور ٹیم رہی ہے اس میں فی الحال اے بی ڈی ویلیرس ، ہاشم آملہ جیسے طاقتور کھلاڑی شامل ہیں۔ ڈیل اسٹائن اور مورنی مورکل کو بھی نہیں بھولنا چاہئے ۔