عمران طاہر کا نیا انداز،شائقین کیلئے تفریح کا سامان

چینائی ۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل 2019 میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف چینائی سوپرکنگس کے اسپنر عمران طاہرنے اپنی بولنگ اورپھر وکٹ لینے کے جشن سے سماں باندھ دیا۔ انہوں نے کولکاتہ کے کپتان دنیش کارتک اورنوجوان شبھمن گل کوآوٹ کیا۔ عمران طاہرنے اپنے چاراوورمیں21 رن دیئے اوردو وکٹ لئے۔ ساتھ ہی انہوں نے کولکاتہ کے طوفانی بیٹسمین آندرے رسل کوبھی خاموش رکھا۔ عمران طاہرکی گیندوں پر رسل کو رن بنانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس میچ میں وکٹ لینے کے بعد طاہرنے اپنے روایتی اندازمیں دوڑ لگائی اورپھر ہوا میں دو بارپنچ کیا۔اسپنرنے اس کے بعد شائقین کی طرف دیکھتے ہوئے دونوں ہاتھوں کو کسی بچے کو چھلانے کی اندازمیں ہلایا اورسیٹی بجانے کا اشارہ کیا۔ وکٹ لینے کے ان کے اس جشن کو دیکھ کرچینائی سوپرکنگس کے باقی کھلاڑی بھی ہنستے نظرآئے۔ ساتھ ہی شائقین نے بھی ان کے اس اندازکو پسند کیا۔ رسل کے خلاف عمران طاہرکا غضب کا ریکارڈ ہے۔ دونوں سات میچوں میں آمنے سامنے ہوئے ہیں، ان میں رسل صرف 15 رن بناسکے اورتین مرتبہ آوٹ ہوئے ہیں۔ وہ صرف ایک مرتبہ طاہرکے خلاف چوکا لگا پائے ہیں۔ ٹی 20 کرکٹ میں رسل کے خلاف ایسی بہترین کارکردگی کسی اوربولر کی نہیں ہے۔ عمران طاہرنے ابھی تک آئی پی ایل 2019 میں 6 میچوں میں 9 وکٹ لئے ہیں۔ اس دوران ان کا اوسط 5.36 رہا ہے۔ وہ جون میں ہونے والے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے کھیلیں گے۔ حالانکہ ا انہوں نے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔
میگ لیننگ کو ہندوستان سے توقعات
سڈنی ۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ کی خواہش ہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ایشز رقابت سے ہٹ کر خواتین کرکٹ میں ٹسٹ میچوں کا رواج فروغ پائے اور اس لحاظ سے ہندوستان توقعات پر پورا اتر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال انگلینڈ اورآسٹریلیا کے سوا دیگر ممالک کی خواتین ٹسٹ میچوں میں دلچسپی نہیں لے رہی ہیں لہٰذا ہندوستان کو اس سلسلے میں تعاون کرنا چاہئے۔