عمران خان کی حلف برداری سادگی سے منائی جائے گی ، بیرونی مہمان مدعو نہیں 

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیر مین اوروزیر اعظم نامزد عمران خان نے اپنی تقریب حلف برداری میں بیرونی مہمان کو دعوت نہ دینے اور سادگی سے حلف برداری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پاکستان روزنامہ ڈان اخبار نے آج اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عمران خان تقریب حلف برداری میں سادگی اپنا نے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی نے پہلے متعدد بیرونی اہم شخصیات اور سربراہان کو مدعو کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ جن میں وزیر اعظم ہندوستان نریندر مودی ، بالی ووڈ سوپر اسٹار عامر خان ، سابق کرکٹر کپل دیو ، سنیل گواسکر اور نوجوت سنگھ سدھو کے نام شامل ہونے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں ۔او رمسٹر سدھو نے کہا تھا کہ حلف برداری تقریب میں شرکت کرنا ان کے لئے بڑا اعزاز ہوگا ۔

تاہم مسٹر عمران خان نے اپنا ارادہ بدلتے ہوئے حلف برداری تقریب کو دھوم دھام سے نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے چیر مین نے حلف برداری کی تقریب سادگی سے منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے ۔فواد چودھری نے بتایا کہ مسٹر عمران خان ایوان صدر میں ایک سادہ تقریب میں حلف لیں گے اور حلف برداری کی تقریب میں بیرونی شخصیات کو مدعونہیں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔یہ خالص قومی تقریب ہوگی ۔جس میں عمران خان کے چند قریبی دوستوں او رمقامی حکام کو مدعو کیا جائے گا ۔

کرکٹ کی دنیا سے سیاست میں قدم رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے صدرعمران خان ۱۱؍ اگست کو اپنے وزیر اعظم کے عہدہ کی حلف برداری کی تقریب میں شامل ہونے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت سارک لیڈروں کو تقریب میں بلا سکتے ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عمران خان سے فون پر بات کی او رامید ظاہر کی کہ پڑوسی ملک میں جمہوریت اپنی جڑیں گہری کرے گا ۔اس کے بعد وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق مودی نے پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہونے کی امیدظاہر کی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے پورے علاقہ میں امن و امان اور ترقی کا اپنا ویژن بھی دہرایا ہے ۔دریں اثناء اسلام آباد میں عمران خان کی پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان نے نریندر مودی کی نیک خواہشات پر ان کا شکر ادا کیا ہے ۔