اسلام آباد ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نااہل قرار دیئے گئے وزیراعظم نواز شریف کی پارٹی نے آج اپوزیشن لیڈر عمران خان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے پناما پیپرس میں سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات کا ادخال کیا جبکہ عمران خان نے کہا کہ اگر اس معاملہ میں انہیں قصوروار ثابت کردیا گیا تو وہ مستعفی ہونے کی قسم کھاتے ہیں۔ یاد رہیکہ پاکستان مسلم لیگ (نواز) سے تعلق رکھنے والے آصف کرمانی نے پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے صدرنشین عمران خان کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موصوف شیخ رشید کی طرح کوئی لیڈر نہیں بننا چاہتے تھے لیکن اب انہوں نے اسی شخص (شیخ رشید) کو وزیراعظم کے عہدہ کیلئے نامزد کیا ہے۔ یاد رہیکہ کرمانی نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب ایک روز قبل ہی بدعنوانیوں کیخلاف پاکستان کی کامیابی پر ’’اظہارتشکر‘‘ کا جشن منعقد کیا تھا کیونکہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قراردیا تھا اور انہوں نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کی ریالی کو کرمانی نے ایک ’’میوزیکل نائٹ‘‘ سے تعبیر کیا اور کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو عمران خان نے تباہی کے دہانے پر پہنچایا ہے۔