عمران اور آملہ کا بہترین مظاہرہ ‘افریقہ پہلا ونڈے میں فاتح

پورٹ ایلزبیتھ ۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقہ نے عمران طاہر اور وین پارنل کی بہترین بولنگ کی بدولت سری لنکا کو سیریز کے پہلے ونڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔پورٹ ایلزبیتھ میں کھیلے گئے میچ میں صحتیابی کے بعد واپسی کرنے والے جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔سری لنکا کی پوری ٹیم عمران طاہر اور پارنل کے سامنے بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی تاہم کوشل مینڈس 62 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، وکٹ کیپر چندی مل 22 اور ڈی سلوا 28 رنز بنا سکے۔میتھیوز کی جگہ کپتانی کرنے والے تجربہ کار اپل تھرنگا بھی 6 رنز بنا کر عمران طاہر کا نشانہ بنے جس کے بعد سری لنکا کی پوری ٹیم 181 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر اور پارنل نے فی کس 3 وکٹیں حاصل کیں، کرس مورس نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے ایک آسان ہدف کے تعاقب میں 71 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا تاہم ڈی کوک 34 رنز بنا کر سینڈیکان کو وکٹ دے بیٹھے۔ ہاشم آملہ نے 57 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کیلئے میچ کو مزید آسان بنا دیا اور 131 کے مجموعے پر آوٹ ہوئے۔فاف ڈیوپلیسی اور اے بی ڈی ولیئرز نے 54 رنز کی ناقابل شکست شراکت میں ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح کے ساتھ سیریز میں 0-1 کی برتری دلا دی۔ڈیوپلیسی 55 اور ڈی ولیئرز 30 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔عمران طاہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔میزبان جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ یکم فروری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

 

تنڈولکر کا وزیراعظم سے اظہار ِ تشکر
نئی دہلی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے آج طلبہ کو سچن تنڈولکر کی مثال دیتے ہوئے انہیں دوسروں کی بجائے خود سے ہی سخت مسابقت رکھنے کا مشورہ دیا تاکہ ہر طالب علم کامیابی کی کلید حاصل کرسکے، اس بیان پر سچن تنڈولکر نے اظہار تشکر کیا۔ سچن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے ’’من کی بات ‘‘ میں مودی کی جانب سے ان کا تذکرہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔