عمدہ ساگر تالاب میں 3 کمسن طالب غرقاب

دو حقیقی بھائی بھی شامل ، علاقہ میں غم کی لہر
حیدرآباد /26 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ جل پلی میں پیش آئے واقعہ میں تین کمسن طالب علم غرقاب ہوگئے جن میں دو حقیقی بھائی بتائے گئے ہیں ۔ مائیلاردیوپلی پولیس کے مطابق جل پلی کے عمدہ ساگر میں یہ واقعہ پیش آیا جس میں 14 سالہ چاند پاشاہ اور اس کی حقیقی بھائی 9 سالہ سمیر پاشاہ اور اس کا ساتھی 14 سالہ پرشانت غرقاب ہوگئے ۔ پولیس نے طویل مشقت کے بعد آج ان تینوں کی نعشوں کو پانی سے برآمد کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چاند پاشاہ اور سمیر جو پریس کالونی جل پلی علاقہ کے ساکن محمد ولی کے بیٹے تھے ۔ 14 سالہ پرشانت جو جنگایا نامی شخص کا بیٹا تھا کے ہمراہ عمدہ ساگر گئے تھے ۔ یہ تینوں سرکاری اسکول کے طالب علم تھے اور ایک ہی اسکول کے علاوہ ایک ہی بستی کے رہنے والے تھے ۔ تینوں نے کل عمدہ ساگر جل پلی کا رخ کیا ۔ ذرائع کے مطابق تینوں تیراکی سے ناواقف تھے ۔ جو پانی میں اتر گئے اور مشتبہ طور پر غرقاب ہوگئے ۔ اس واقعہ کے بعد جل پلی کے قریبی علاقوں میں سنسنی پھیل گئی اور پریس کالونی میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ ان تینوں کمسن لڑکوں کی غرقابی کا آج صبح علم ہوا ۔ مائیلاردیوپلی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔