عمان میں ہندوستانی ملازم کی خودکشی

دوبئی ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ایک 36 سالہ ہندوستانی کاریگر نے عمان میں مبینہ طورپر خودکشی کرلی ۔ اخبارات میں شائع خبروں کے مطابق کیرالا کے شہری سنتوش نے چھت کے پنکھے سے لٹک کر پھانسی لے لی ۔ وہ ایک نادر اشیاء فروخت کرنے والی دوکان پر ملازم تھا ۔ دریں اثناء متوفی کے دوستوں کا حوالہ دیتے ہوئے ٹائمز آف عمان نے بتایا کہ متوفی ایک سنگل کمرے میں رہائش پذیر تھا اور اتوار کے روز اُس کے کمرے میں وہ اپنے چھت کے پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا ۔

دوستوں نے بتایا کہ سنتوش گزشتہ کچھ عرصہ سے اپنی صحت کے متعلق بیحد پریشان تھا جو دن بدن گرتی جارہی تھی ۔ اس سلسلہ میں اُس نے دو ماہ قبل ہندوستان کا دورہ بھی کیا۔ اُس کے ایک دوست نے بتایا کہ ستنوش کو خون کی کوئی مہلک بیماری لاحق تھی جو شاید بلڈ کینسر ہی ہوسکتا ہے ۔ ہندوستان میں اُس کی والدہ بھی شدید علیل ہیں اور خود اُس کے بیمار ہوجانے سے سنتوش بیحد پریشان رہتا تھا اور جلد سے جلد ہندوستان واپس جانے کا خواہاں تھا۔ یہاں تک کہ سنتوش کا آجر بھی اُسے طویل رخصت پر ہندوستان بھیجنے کیلئے رضامند تھا لیکن اس درمیان پتہ نہیں ایسی کیا بات ہوگئی جس پر سنتوش نے خودکشی کا راستہ اپنایا ۔ پسماندگان میں اُس کی بیوی اور دو بچے شامل ہیں۔