عماد وسیم ٹوئنٹی20 کے نئے نمبر ایک بولر

دبئی۔ 27جون (سیاست ڈاٹ کام )انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی ٹوئنٹی20 درجہ بندی میں پاکستانی اسپنر عماد وسیم نے تمام بولروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اسپنر عماد وسیم کیریئر میں پہلی مرتبہ بہترین درجہ حاصل کرتے ہوئے پہلے نمبر پر آگئے۔ دوسرا نمبر ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کا ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف جنوبی افریقہ کو 1-2 سے شکست کے بعد جنوبی افریقہ کے عمران طاہر دو درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی پہلے نمبر پر فائز ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بیٹسمینوں میں آسٹریلیا کے ایرون فِنچ کا دوسرا اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا تیسرا نمبر ہے۔آئی سی سی کی نئی درجہ بندی میں آل راؤنڈر کی فہرست میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، آسٹریلیا کے گلین میکس ویل دوسرے جبکہ افغانستان کے محمد نبی تیسرے مقام پر موجود ہیں۔ٹیم درجہ بندی میں نیوزی لینڈ 125 نشانات کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے، انگلینڈ کی ٹیم ایک درجہ بہتری کے بعد 123 نشانات کے ساتھ دوسری مقام پر آگئی ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم 121 نشانات کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلی گئی۔ٹیم درجہ بندی میں ہندوستانی ٹیم چوتھی، ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹی اور آسٹریلیا ساتویں مقام پر چلی گئی ہے، فہرست میں سری لنکا کا آٹھواں، افغانستان کا نواں اور بنگلہ دیش کا دسواں نمبر ہے۔