ویلنگٹن ، 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ کے عظیم ترین بلے باز تصور کئے جانے والے مارٹن کروو 53 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بنیاد ڈالنے اور نیوزی لینڈ میں ہیرو کا درجہ رکھنے والے مارٹن کروو کا ستمبر 2014ء میں کینسر کے عارضے میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ خون کے سرطان کے مرض میں مبتلا مارٹن کروو جمعرات کو آکلینڈ میں انتقال کر گئے۔ مارٹن کروو کے کزن اور ہالی ووڈ اسٹار رسل کروو نے اُن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج ایک بہترین دوست سے محروم ہو گئے۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ ’’میرا چمپئن، میرا ہیرو، میرا دوست، میں ہمیشہ تم سے محبت کروں گا ، مارٹن کروو‘‘۔ مارٹن کے اہل خانہ نے بتایا کہ جب اُن کا انتقال ہوا تو اُن کے اطراف اُن کے تمام گھر والے موجود تھے۔ 1982ء سے 1995ء تک 14 سالہ کیریئر کے دوران مارٹن نے چار سال نیوزی لینڈ کی قیادت کی۔ انہوں نے 77 ٹسٹ میچوں میں 45.36 کی اوسط سے 5,444 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ کئی کیوی ریکارڈز بھی اپنے نام کر لئے جس میں 299 رنز کے ساتھ سب سے بڑا ٹسٹ اسکور، سب سے زیادہ 35 ففٹیاں اور 17 سنچریاں بنانے کے اعزازات شامل ہیں، جن میں سے آخری ریکارڈ اب بھی قائم ہے۔ اپنی ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی مارٹن کروو نے اسکائی ٹیلی ویژن کیلئے کھیل کی نئی مختصر طرز ’کرکٹ میکس‘ کی بنیاد رکھی جو بعد میں کرکٹ میں انقلاب برپا کرنے والی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے آغاز کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔ آئی سی سی کے ’ہال آف فیم‘ میں شامل مارٹن کروو آخری وقت تک کرکٹ سے وابستہ رہے اور موجودہ دور کے اسٹار کیوی بلے بازوں راس ٹیلر اور مارٹن گپٹل کی رہنمائی کی۔ نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے کہا کہ مارٹن عظیم اسپورٹس مین تھے۔ ہمارے اب تک کے سب سے بہترین بلے باز اور کرکٹ کے بہترین دماغوں میں سے تھے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ان کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے کرکٹ کا بڑا نقصان قرار دیا۔ سابق کیوی کپتان اسٹیفن فلیمنگ، ڈیون ناش اور سابق عظیم آسٹریلین بلے باز ایلن بارڈر کے بشمول دنیا بھر سے کرکٹ کے حلقوں نے مارٹن کروو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اُن کی آخری رسومات 10 مارچ کو آکلینڈ میں ادا کی جائیں گی۔