عزت نفس کے خاطر بیٹی کا قتل

رشتہ میں چچا سے شادی کا شاخسانہ ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /23 اگست ( سیاست نیوز ) عزت نفس کے مسئلہ پر ایک شخص نے اپنی حاملہ بیٹی کا مبینہ طور پر گلہ کاٹ کر قتل کردیا ۔ عبداللہ پور میٹ پولیس حدود میں یہ واردات پیش آئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 سالہ وجئے لکشمی جو 4 سال بعد اپنے سسرالی مکان سے آئی تھی ۔ اس خاتون کا مائیکے میں قتل کردیا گیا ۔ وجئے لکشمی کے مائیکے والے لڑکی سے سخت ناراض تھے ۔ چونکہ اس نے ایک ایسے شخص سے شادی کی تھی جو رشتہ میں اس کا چچا ہوتا ہے ۔ شادی کے بعد وجئے لکشمی اس کے شوہر سریش کے ہمراہ بھدراچلم کھمم چلے گئے تھے اور گذشتہ روز سریش کی والدہ کی موت کے بعد یہ لوگ پہلی مرتبہ عبداللہ پور میٹ ایس سی کالونی پہونچے تھے ۔ چونکہ دونوں کا مکان ایک ہی بستی میں تھا ۔ اس کی خبر مقتول خاتون کے مائیکے والوں کو ہوئی اور خاتون کی والدہ و دیگر خواتین کے ساتھ مکان پہونچی اور وجئے لکشمی کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد سریش بیوی کو لینے سسرالی مکان پہونچا اور بیوی کو واپس لے جانے کی کوشش کے دوران بحث و تکرار ہوئی اور کچھ دیر بعد وجئے لکشمی کی نعش اس کے مائیکے کے مکان سے دستیاب ہوئی ۔ وجئے لکشمی کا 4 سالہ لڑکا راگھو مکان پر تھا اور خاتون 7 ماہ کی حاملہ بتائی گئی ہے ۔ انسپکٹر عبداللہ پور میٹ پولیس مسٹر منی نے بتایا کہ عزت نفس کیلئے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون وجئے لکشمی کے قتل میں اس کے والد پر شبہ ہے ۔ انہوں نے کسی بھی قسم کی خودسپردگی کی تردید کی اور کہا کہ پولیس قاتل کی تلاش میں ہے اور ہر زاویہ سے کیس کی تحقیقات کر رہی ہے ۔