اداکارہ پر قومی پرچم کی توہین کا الزام ‘ مفاد عامہ کی درخواست
حیدرآباد۔4اگست ( پی ٹی آئی) حیدرآباد ہائیکورٹ نے آج بالی ووڈ اداکارہ ملیکا شراوت اور مرکز کو مفاد عامہ کے تحت دائر کردہ ایک درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے ۔ مفاد عامہ کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملیکا شراوت کو اُن کی آنے والی فلم ’ڈرٹی پولیٹکس‘ کے ایک پوسٹر پر قومی پرچم کے تین رنگوں میں اوڑھا ہوادکھایا گیا ہے جو قومی پرچم کے توہین کے مترادف ہے ۔ ہائیکورٹ نے مفاد عامہ کی اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے فلم پروڈیوسر کے سی بوکاڈیہ کو بھی ایک نوٹس جاری ہے ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے شہری حقوق کے ایک جہد کار ٹی دھن گوپال راؤ نے گذشتہ ہفتہ دائر کردہ اپنی درخواست میں الزام عائد کیاتھا کہ اداکارہ اور فلم پروڈیوسر نے ڈرٹی پولیٹکس کے پوسٹر میں قومی پرچم کی دانستہ طور پر توہین کی ہے ۔ مرکز کے اسسٹنٹ سالیسیٹر جنرل نارائن ریڈی جو حیدرآباد ہائیکورٹ میں حکومت ہند کی نمائندگی کرتے ہیں کہا کہ عدالت نے مرکز ‘ فلم پروڈیوسر اور اداکارہ کے نام نوٹس جاری کئے ہیں اور مرکزی وزیر داخلہ کے سکریٹری کے علاوہ دیگر مدعی علیہان سے کہا ہے کہ وہ اندرون تین ہفتے جوابی حلف نامے داخل کریں ۔ دھن گوپال راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ فلم پوسٹر میں دکھایا گیاہے کہ ایک سرخ بتی والی کار پر ملیکاشراوت بیٹھی ہوئی ہیں اور جس کی کمر کے نیچے ترنگا لپٹاہوا ہے ۔اس سے پرچم کی بے حُرمتی ہوتی ہے ۔ میں نے درخواست دائر کرتے ہوئے اداکارہ کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے ‘‘ ۔