عریان رقص و مجرہ کے خلاف پولیس دھاوا‘ 6 گرفتار

حیدرآباد ۔ /26 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ یاپرال میں پولیس نے مجرا پارٹی پر دھاوا کرتے ہوئے 6 افراد بشمول پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے دو افراد کوگرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب 50 سالہ دلیپ جین جو پیشہ سے ایونٹ منیجر ہے اکثر مجرا پارٹی کیلئے رقاصاؤں کو فراہم کرتا ہے اور اس نے مولاعلی کے شنکرپٹیل اور پرانے شہر نیا پل سے تعلق رکھنے والے محمد جنید اور پرویز کیلئے مبینہ طور پر یاپرال علاقہ میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں مجرا پارٹی منعقد کی جس میں ہیجان انگیز عریاں رقص کیا جارہا تھا ۔ جواہر نگر پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر انسپکٹر پی وینکٹ گری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پر دھاوا کیا اور مجرا پارٹی میں شریک محمد جنید اور پرویز جو نئے پل میں واقع فٹ ویئر کی دوکان کے مالکین ہیں اورشنکر پٹیل کے علاوہ وجئے اور واجد کو بھی حراست میں لے لیا گیا جبکہ ممبئی ، دہلی سے تعلق رکھنے والے تین رقاصاؤں کو حراست میں لیتے ہوئے انہیں ریسکیو ہوم منتقل کردیا گیا ۔ ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مجرا پارٹی دلیپ جین نے منعقد کی تھی اور گرفتار افراد کیلئے رقاصاؤں کو بذریعہ طیارہ حیدرآباد لایا گیا تھا اور مجرا پارٹی کے بعد رقاصاؤں کو قحبہ گری کیلئے استعمال کیا جارہا تھا ۔ پولیس نے دھاوے کے دوران 41 ہزار نقد رقم دو کاریں اور موبائیل فون برآمد کرلئے۔