عرفان پٹھان پر ’آمرانہ رویہ ‘اختیار کرنے کا الزام، عہدہ چھوڑ دیا

سری نگر ، 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر رانجی ٹرافی ٹیم کے سابق کپتان اور آئی سی ایل کھلاڑی ڈیرو مہاجن نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عرفان پٹھان پر ‘آمرانہ رویہ’اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سلیکٹر کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ خیال رہے کہ جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن نے عرفان پٹھان کو آنے والے رانجی ٹرافی سیزن کے لئے ریاست کے کھلاڑیوں کا کوچ مقرر کیا ہے ۔ڈیرو مہاجن کا الزام ہے کہ عرفان پٹھان سلیکشن کے عمل میں بے جا مداخلت کررہے ہیں۔ انہوں نے یو این آئی کو بتایا ‘عرفان سلیکشن کے عمل میں غیر ضروری مداخلت کررہے ہیں۔ سلیکشن عمل میں ان کی مداخلت جے کے سی اے کے قانون کی سراسر خلاف ورزی ہے ‘۔مہاجن نے بتایا ‘میں ایسی کمیٹی کا حصہ نہیں رہوں گاجس میں قانون کا کوئی پاس ولحاظ نہیں رکھا جاتا ہے ‘۔ انہوں نے بتایا ‘عرفان پٹھان انڈین کرکٹر ہونے کی بناء پر سلیکشن کے عمل پر اثر انداز ہورہے ہیں۔
میرا سلیکشن کمیٹی میں رہنے کا کیا مطلب ہے ؟’۔ مہاجن نے الزام لگایا کہ عرفان پٹھان ایسوسی ایشن کے قوانین کی خلاف ورزی کے مسلسل مرتکب ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا ‘پٹھان خود ایک کھلاڑی ہیں۔ بحیثیت کھلاڑی انہیں کرکٹ باڈی کے قوانین سے باخبر ہونا چاہیے تھا۔ انہیں ان قوانین پر عمل کرنا چاہیے تھا، لیکن وہ بدقسمتی سے خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں’۔انہوں نے بتایا ‘پٹھان نے متعدد بار سلیکٹرس کے فیصلوں پر اعتراض کیا۔ یہ رویہ میرے لئے ناقابل قبول ہے ‘۔