نئی دہلی۔ یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں واپسی کی امید کررہے عرفان پٹھان نے بڑودہ کی رانجی ٹرافی ٹیم کی کپتانی اور پھر مقامی ٹیم سے باہر کئے جانے پر ٹیم انتظامیہ کے خلاف غصہ ظاہر کیا ہے ۔ بڑودا کی ٹیم گروپ سی میں شامل ہے اوراس کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے ۔ وہ فی الحال گروپ میں آخری مقام پر ہے ۔ چہارشنبہ سے شروع ہوئے تیسرے دور کے میچ کے لئے بڑودا کی کپتانی آل راونڈر دیپک ہڈا کو سونپی گئی ہے حالانکہ ٹیم کے سینئر کھلاڑی عرفان کی ٹورنمنٹ میں اب تک کی کارکردگی خاص نہیں رہی ہے اور انہوں نے صرف دو وکٹ ہی حاصل کیے ہیں۔ بڑودہ کے سینئر اور بین الاقوامی کھلاڑی عرفان نے اس فیصلے پر اپنا غصہ ٹویٹر پر ظاہر کیا اور لکھا جو اپنے باس کے سامنے ہاں نہیں کرتے اور انہیں صبح گُڈ مارننگ نہیں کہتے ان کے باس ان کیخلاف ہو جاتے ہیں ۔ لیکن آپ اپنا کام کرتے رہئے ۔عرفان بھلے ہی ہندوستانی ٹیم سے طویل عرصے سے باہر ہیں لیکن شائقین نے گھریلو ٹیم سے پٹھان کو ہٹانے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کی ہے ۔ خیال رہے کہ پٹھان نے ہندوستانی ٹیم کی طرف سے اپنا آخری ٹسٹ میچ سال 2008 میں جنوبی افریقہ کے خلاف جبکہ آخری ونڈے 2012 میںکھیلا تھا۔