حیدرآباد 6 فروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد دکن کی معروف جید شخصیت رفعت پناہ حضرت سیدنا حافظ سید شاہ پرورش علی حسینی المعروف بادشاہ میاں سرکار قبلہ شاہ کی 150 سالہ عرس تقاریب کا بتاریخ 9 تا 15 فروری بمطابق 19 تا 25 ربیع الثانی بمقام قادری خانقاہ نورانی بارگاہ حضور سیدنا خواجہ محبوب اللہ قاضئ پورہ شریف زیر نگرانی حضرت العلامہ سید شاہ محمد صدیق حسینی عارف سجادہ نشین انعقاد عمل میں آئے گا ۔ جس میں حضرت مولانا سید محمد قبول پاشاہ قادری شطاری جانشین حضرت کامل ‘مولانا شاہ محمد رفیع محی الدین فاروقی سجادہ نشین حضرت رفیع الدین قندھاری ‘مولانا سید عبید اللہ قادری آصف پاشاہ سجادہ نشین بارگاہ شجاعیہ بحیثیت مہمانان خصوصی کے علاوہ مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ حسینی وقار پاشاہ‘مولانا ڈاکٹر حافظ سید بدیع الدین صابری ‘حضرت مولانا قاضی سید اعظم علی صوفی قادری ‘حضرت مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ پروفیسر حفیظ الرحمن دہلی بحیثیت مقررین شرکت کر کے مخاطب کریں گے ۔ یہ بات آج یہاں عرس کمیٹی ارکان مولانا سید محمود صفی اللہ حسینی وقار پاشاہ ‘مولانا سید مرتضی تاج الدین حیدر قادری ‘ مولانا سید عبداللہ صفی قادری نے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ 150 سالہ عرس کی سات روزہ تقاریب کے دوران رسم پرچم کشائی ‘ نایاب کتابوں کی رسم اجراء ‘محفل سماع‘شاہ کانفرنس ‘جلسہ قرات ‘کل ہند محفل نعت شہ کونین ؐ‘ خصوصی محفل قصیدہ بردہ شریف ‘صندل شریف ‘ختم قرآن ‘طرحی مشاعرہ منعقد کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر مولانا غلام قادر قطب حسینی قادری ‘مولانا سید غلام صمدانی علی قادری ‘مولانا سید سیف اللہ حسینی باقری ‘مولانا سید تبریز رفاعی قادری کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔