عرب ممالک قطری ردعمل کی منتظر : اماراتی وزیر خارجہ

ابوظہبی۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے کہا ہے کہ قطر کا بائیکاٹ کرنے والے ممالک ابھی تک اپنے مطالبات کے جواب میں اس کے ردعمل کے منتظر ہیں۔انھوں نے ابوظہبی میں جرمن وزیر خارجہ سگمار گبرئیل کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ ’’ اضافی پابندیوں کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔اس کا انحصار ہم کویت میں اپنے بھائیوں سے جو کچھ سنیں گے،اس پر ہوگا‘‘۔سعودی عرب ،بحرین ، مصر اور متحدہ عرب امارات نے اتوار کو کویت کی درخواست پر قطر کو تیرہ مطالبات کو پورا کرنے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن میں اڑتالیس گھنٹے کی توسیع کردی تھی اور یہ مدت بھی آج ختم ہونے کو ہے۔ان ممالک نے قطر سے اخوان المسلمون سمیت دہشت گردوں سے ناتا توڑنے،ان کی مالی معاونت ختم کرنے، الجزیرہ نیوز چینل کو بند کرنے اور اپنے ہاں ترک فوج کے ایک اڈے کے قیام کا منصوبہ ختم کرنے سمیت مختلف مطالبات کیے ہیں۔