عرب لیگ کی شام میں صدارتی انتخاب کے اعلان پر تنقید

قاہرہ ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عرب لیگ نے خانہ جنگی کے دوران شام میں صدارتی انتخاب کا اعلان کئے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض عالمی برادری کی طرف سے تنازعہ طے کرانے کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے ہے۔ واضح رہے بشار حکومت نے 21 اپریل کو اعلان کیا تھا کہ آئندہ صدارتی انتخاب 3 جون کو ہوں گے۔ ادھر قاہرہ میں عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ” یہ اعلان شامی تنازعے کے سیاسی حل کے واسطے مذاکرات کیلئے ضروری کوششوں کو معطل کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔’

‘ مغربی ممالک اور خلیجی ممالک جو بشار حکومت کے خلاف برسر پیکار باغیوں کی حمایت کرتے ہیں نے بھی شام کے صدارتی انتخاب کے اعلان پر تنقید کی ہے اور بشار حکومت کے اس فیصلے کو جمہوریت کے ساتھ مذاق کا نام دیا ہے۔ اس سے پہلے شام میں امن اور اس کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلوں کیلئے جنیوا ٹو کے نام سے ہونے والی امن کانفرنس ماہ فروری میں کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو چکی ہے۔ شام کی تین سالہ خانہ جنگی کے دوران ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد شامی مارے جا چکے ہیں۔