عراق کے وجود کو خطرہ ‘ امریکہ مدد کیلئے تیار : جان کیری

بغداد 23 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج وعدہ کیا کہ عراق کی ‘ جسے اپنے وجود کا خطرہ کالاحق ہے ‘ زبردست ممدد کی جائیگی ۔ یہاں عسکری گروپس بغداد کی سمت پیشقدمی کر رہے ہیں۔ کیری نے یہاں آمد کے بعد وزیر اعظم نوری المالکی اور دوسرے قائدین سے ملاقاتیں کیںاور ان سے کہا کہ وہ تخریب کاروں سے مقابلہ کیلئے تشکیل حکومت کا عمل تیز کریں۔ کیری نے بغداد میں میڈیا سے کہا کہ امریکہ کی مدد بہت شدید اور دیرپا رہے گی ۔ اگر عراقی قائدین آپس میں متحد ہوجائیں تو یہ مدد اور بھی موثر ثابت ہوگی ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ عراق کیلئے خطرہ بہت سنگین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عراقی قائدین کیلئے یہ فیصلے کا وقت ہے ۔ عراق کے وجود کو خطرہ ہے اور عراقی قائدین کو اس سے نمٹنا چاہئے ۔