عراق میں کرد دفاتر پر بم حملے، 29 ہلاک

سیاسی جماعتوں کے دفاتر نشانہ ، ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ دھماکے

بغداد 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے سرکاری عہدیداروں نے کہا کہ کرد سیاسی پارٹیوں کے دفاتر کو بغداد کے شمال میں ٹرک بم حملوں کا نشانہ بنایا گیا جن میں کم از کم 29افراد ہلاک ہوگئے۔ قصبہ خرمطو کے میئر نے کہا کہ حملے آج دوپہر پیش آئے۔ شجاج عبدل نے کہا کہ ایک خودکش بم بردار ٹرک چوکی سے ٹکرایاجس کی وجہ سے پیٹریاٹک یونین آف کردستان اور قریب ہی واقع کردستان کمیونسٹ پارٹی کے دفاتر کو نقصان پہنچا ۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگ دھماکوں کے مقام پر پہنچے تو ایک اور ٹرک بم دھماکہ ہوا جو غالباً ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ کیا گیا تھا۔ یہ مسلسل دو بم دھماکوں کا دو دن میں دوسرا واقعہ تھا۔ کل بھی ایک خودکش بم بردار نے ایک کار بم دھماکہ کے بعد پیٹریاٹک یونین آف کردستان کے دفاتر واقع جلوجہ کو حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔