عراق میں کار بم حملہ ‘ 19افراد ہلاک دولت اسلامیہ نے ذمہ داری قبول کرلی

بغداد۔3مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) انتہا پسند دولت اسلامیہ گروپ نے رات دیر گئے بغداد میں کار بم حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ‘ جس میں کم از کم 19افراد ہلاک ہوگئے ۔ دولت اسلامیہ نے کہا کہ اس نے باغی نیم فوجی جنگجوؤں کو حملہ کا نشانہ بنایا ہے ۔ دو کاربم 10منٹ کے وقفہ سے کل رات دیر گئے ضلع خرادہ میں دھماکے سے پھٹ پڑے ۔ یہ علاقہ رسٹورنٹس ‘ ہوٹلوں اور آئس کریم کے شورومس کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے ۔ پولیس کے بموجب مہلوک اور زخمی زیادہ تر خریدار تھے اور وہ افراد تھے جو حضرت علیؓ کا یوم پیدائش منانے کیلئے یہاںآئے تھے ۔ دو ٹریفک پولیس ملازمین مہلوکین میں شامل ہیں ۔ دولت اسلامیہ گروپ نے اس دھماکہ اور گذشتہ ہفتہ ہونے والے اسی قسم کے تمام دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ مغربی صوبہ عنبر میں جنگ کی انتقامی کارروائی ہے ۔ بغداد میں گذشتہ ہفتہ کئی کار بم حملے کئے گئے تھے ۔