عراق میں چیک پوائنٹ پر خودکش حملہ ، 14 ہلاک

بغداد ۔ 25 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بغداد کے شیعہ اکثریتی شمالی ٹاؤن میں چیک پوائنٹ کے باہر خودکش بمبار نے دھماکو مادے سے لدی گاڑی گھسادی جس کے نتیجہ میں 14 افراد ہلاک ہوگئے ۔ عراقی عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن عام طورپر آئی ایس انتہاء پسند گروپس ہی اس نوعیت کی کارروائیاں کیا کرتا ہے۔ آج کی یہ کارروائی عراق کے دارالحکومت بغداد سے اسی کلومیٹر دور شمال میں واقع خالص ٹاؤن میں کی گئی ہے ۔ دہشت گردوں نے مصروف ترین گذرگاہ کو نشانہ بنایا ۔ پولیس نے کہا کہ یہ ٹاؤن شیعہ اکثریتی آبادی کا حامل ہے ۔ خودکش حملے میں 8 ملازمین پولیس اور چھ عام شہری ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 41 بتائی گئی ہے ۔ اس دھماکے کے سبب چیک پوائنٹ پر رُکی ہوئی تقریباً 20 کاروں کو بھی نقصان پہونچا ۔ ایک میڈیکل آفیسر نے ہلاکتوں کے علاوہ زخمیوں کی تعداد کی توثیق کی ، تاہم اپنی شناخت بتانے سے انکار کیا اور کہاکہ اُنھیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ آئی ایس نے کل بغداد کے ایک چیک پوائنٹ پر کئے گئے خودکش حملے کی بھی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں 14 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے تھے ۔ آئی ایس کا اب بھی شمالی اور مغربی عراق کے کئی اہم علاقوں پر کنٹرول ہے جن میں ملک کا دوسرا بڑا شہر موصل شامل ہے۔