سشماسوراج سے بات چیت کے لیے ریاستی وزیر کو چندرا بابو کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : حکومت آندھرا پردیش نے گڑبڑ زدہ ملک عراق میں پھنسے اس ریاست کے 61 افراد کو بحفاظت لانے آج مرکز سے درخواست کی ہے اور کہا کہ ان افراد کی ان کے متعلقہ مقامات کو واپسی یقینی بنائی جائے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے غیر مقیم ہندوستانیوں کے امور کے ریاستی وزیر پی رگھوناتھ ریڈی کے علاوہ نئی دہلی میں حکومت آندھرا پردیش کے خصوصی نمائندہ کے رام موہن راؤ کو ہدایت کی کہ پیر کی صبح وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں صورتحال سے باخبر کیا جائے ۔ عراق میں پھنسے ہوئے ان 61 افراد میں 41 کا تعلق مغربی گوداوری ، 14 کا وشاکھا پٹنم ، تین کا مشرقی گوداوری ، دو کا سریکاکلم اور ایک کا وجیانگرم سے تعلق ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے اس مسئلہ پر مرکزی مملکتی وزیر صنعت و تجارت نرملا سیتارامن سے آج ملاقات کے دوران شخصی طور پر بات چیت کی ۔
تلنگانہ کے 33 افراد کو
واپس لانے کی مساعی
اس دوران حکومت تلنگانہ نے عراق سے اپنے 33 شہریوں کو واپس لانے کے لئے مرکزی حکومت سے ربط پیداکی ہے۔ ان کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔