بغداد۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بم حملوں اور فائرنگ سے عراق کے دارالحکومت بغداد کے مضافاتی علاقوں میں کم از کم 16 افراد بشمول فوجی اور نیم فوجی جنگجو ہلاک ہوگئے۔ پولیس عہدیداروں کے بموجب مہلک ترین حملہ آج دوپہر ہوا جبکہ خودکش بم برداروں نے دھماکوں مادوں کے اپنے بیلٹ ایک نیم فوجی تنظیم کے ہیڈکوارٹر میں شہر میشادا میں دھماکہ سے اُڑا دیئے، جس میں 7 نیم فوجی جنگجو ہلاک اور دیگر 20 زخمی ہوگئے۔ یہ شہر بغداد سے 20 کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ایک علیحدہ حملے میں ایک تیز رفتار کار پر جس میں فوجی سوار تھے، بغداد کے مغربی مضافاتی علاقہ میں گولیوں کی بوچھار کردی جس سے 3 فوجی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ بازار میں ایک اور بم دھماکہ سے چار شہری ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ یوسفیہ میں کیا گیا تھا۔