بغداد۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسلامک اسٹیٹ گروپ کے انتہا پسندوں نے عراق کے صوبہ انبار میں کم از کم 50 قبائیلی مرد و خواتین کو قطار میں کھڑا کرکے گولی مار دی، عہدیداروں نے آج یہ بات کہی، جو اس گروپ کی جانب سے قتل کا تازہ واقعہ ہے۔ انبار کونسل کے فلاح العیساوی نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت رمذی کے شمال میں راس المع گاؤں میں کل شوٹنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ العیساوی نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے البونمر قبیلہ کے مرد و خواتین پر ان کے خلاف کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں ان کے گھروں سے نکال کر دور لے گئے اور انہیں ہلاک کردیا۔ ان لوگوں کے تعلق سے اس گروپ کو شبہ تھا کہ انہوں نے گزشتہ ماہ انبار کے ٹاؤن حیت میں ان کی پیش قدمی کے موقع پر ان کے خلاف سرگرمی دکھائی تھی۔ العیساوی نے نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا کہ اس طرح کی ہلاکتیں اب اسلامک اسٹیٹ گروپ کنٹرول والے علاقوں میں لگ بھگ روزانہ پیش آرہی ہیں اور وہ اسے جاری رکھیں گے تاوقتیکہ اس دہشت گردانہ گروپ کو روک نہیں دیا جاتا۔ انبار گورنر کے دفتر کے عہدیدار نے مہلوکین کی تعداد کی توثیق کی۔ انہوں نے شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بات کی کیونکہ انہیں جرنلسٹوں کے بریفنگ دینے کا اختیار نہیں ہے۔